کنداپور،27 / جولائی (ایس او نیوز) بھاری برسات اور تیز ہواوں کے نتیجے میں بیندور تعلقہ کے تاراپتی میں آج صبح ایک سرکاری ہائر پرائمری اسکول کی عمارت گر گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس اسکول کی عمارت 30 سال پرانی ہے جس میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک 120 طلبہ اور کنڈر گارٹن کے 30 طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ چونکہ قدیم عمارت کمزور اور خستہ ہوگئی تھی اس لئے برسات کے موسم میں ایک دوسری عمارت میں کلاسس چلائی جاتی تھیں اور وہی عمارت آج شدید برسات کی وجہ سے گر گئی۔
کہا جاتا ہے اس عمارت کی خستہ حالت کے بارے میں گزشتہ تین برسوں سے محکمہ تعلیم کو باخبر کیا جا رہا ہے اور نئی عمارت تعمیر کرنے کی درخواست کی جا رہی ہے ۔ مگر آج تک محکمہ کے انجینئر یا کسی افسر نے موقع پر پہنچ کر عمارت کی حالت کا جائزہ لینے کی زحمت نہیں کی۔
مقامی لیڈر سداشیوا پاڈووری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس عمارت کی خستہ حالی کے تعلق سے پنچایت انجینئر کو تین سال پہلے ہی آگاہ کیا تھا ۔ اُس وقت کے انجینئر سری کانت نے کہا تھا کہ عمارت پوری طرح مضبوط اور مستحکم ہے اس لئے فکر مندی کی کوئی بات نہیں ہے ۔ سداشیوا کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی عمارت کے تعلق سے افسران کو مطلع کیا گیا تھا مگر کسی نے ان کی بات پر دھیان نہیں دیا۔